سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور ایم این اے خورشید شاہ نے اپنے خلاف پراپیگنڈہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے 500 ارب روپے کے اثاثوں کا دعوی مضحکہ خیز ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ میری ساکھ اور خدمات کی گواہی ساری پارلیمنٹ اور سارا حلقہ دیتا ہے، عوام کے اعتماد کی بدولت 32 سال سے بھاری اکثریت سے جیت رہا ہوں، ۔32 برسوں سے ہمیشہ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب ذرائع سے کئے جانے والے پراپیگنڈے کی کوئی کل سیدھی نہیں، مجھے بتایا جائے ذرائع کیا ہیں تاکہ ان ذرائع کو نوٹس بھیجوں، جھوٹے پراپیگنڈے میں ملوث تمام عناصر کوچیلنج کرتا ہوں سامنے آ کربات کریں۔ ایسے ہوائی الزامات چلا کراپوزیشن کیخلاف انتقامی مہم کا حصہ نہ بنا جائے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 103 اکاونٹس میں ٹرانزیکشنز کی باتیں چل رہی ہیں۔ میرے ایسے تین اکاونٹس بھی لے آئیں تو سیاست چھوڑ دوں گا، نہ کوئی ثبوت نہ تفصیل، یہ کیسے نیب ذرائع ہیں جو بس صرف الزام لگانا جانتے ہیں۔ اگر حقیقی انکوائری ہوئی تو جھوٹے الزامات کی حقیقت سامنے آ جائے گی۔
سینئر رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات کوسنجیدہ نہیں لیا، شخصیت کو داغدارکرنے کی کوشش قبول نہیں کروںگا، خورشید شاہ اپنے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کروں گا، عمران حکومت کب تک جھوٹ پر سیاست کرے گی، عمران خان کی انتقامی سیاست کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائیوں سے ملک تباہی کے راستے پر ڈال دیا گیا، آپ آج جو بو رہے ہو وہ صرف آنے والی نسلیں ہی نہیں آپ کو خود بھی کاٹنا پڑے گا، اس وقت کشمیر کی سنگین صورتحال قومی یکجہتی کی متقاضی ہے، ملک کی بقا و سلامتی کو اپنی ذات اور سیاسی انتقام کی نذر نہ کریں۔