اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کی زیر حراست فریال تالپور کی طبعیت ناساز، شوگر لیول ہائی ہونے پر پولی کلینک اسلام آباد میں زیر علاج ہیں، ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں بھی پیش نہیں کیا جاسکا، عدالت نے فریال تالپور اور تفتیشی افسر کو آج ہی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
گزشتہ رات نیب کی زیر حراست فریال تالپور کی طبعیت خراب ہوئی جس پر انہیں اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فریال تالپور کا شوگر لیول ہائی ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکا معائنہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب فریال تالپور کو ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر آج احتساب عدالت میں بھی پیش کیا جانا تھا، ڈیوٹی جج طاہر محمود نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی تو نیب ٹیم سے ملزمہ فریال تالپورکے حوالے سے استفسار کیا جس پر نیب نے طبعیت ناسازی اور پولی کلینک میں ایڈمٹ ہونے کا بتایا۔ عدالت نے تفتیشی افسر اور ملزمہ کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا۔