وزیراعظم عمران خان اچانک پمز ہسپتال پہنچ گئے، مریضوں کی عیادت کی

Last Updated On 12 August,2019 06:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان عید الاضحیٰ پر چھٹی والے روز اچانک پمز ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے مریضوں کی عیادت کی۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پمز ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی عیادت بھی کی، اس دوران مریضوں سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔

اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں اور ہسپتال انتظامیہ نے وزیر اعظم کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کےشہریوں کوکئی دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا، وفاقی حکومت کراچی کے دہائیوں پرانے مسائل کے حل کیلئے جامع پیکیج تشکیل دینے میں مصروف ہے۔

وزیراعظم نے کراچی کی صورتحال کا نوٹس لے لیا، سوشل میڈیا پیغام میں عمران خان نے کراچی کے شہریوں کیلئے اصلاحاتی پیکج جلد لانے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے عید اور 14 اگست کے موقع پر کراچی کےتمام ارکان اسمبلی کوعوام کی ہر ممکن مدد اور تعاون کی ہدایت بھی کی ہے.

 

وزیراعظم عمران کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو کئی دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا، ان کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت ایک جامع اصلاحاتی پیکج تشکیل دینے میں مصروف عمل ہے جس سے مسائل ختم کرنے میں مدد ملے گی۔