اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ترقیاتی کونسل نے حب میں خصوصی اقتصادی زون، گڈانی بندرگاہ اور سی پیک اتھارٹی کے قیام سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے اجلاس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے سابق قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے متعدد فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں گڈانی میں بندرگاہ اورحب میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی، جیوانی، گوادر، پسنی، مکولا، اورمارا، کنڈ ملیر، ہنگول پارک اورمیانی حورسمیت صوبہ کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ اورسیاحتی ریزارٹس کو ترقی دینے کیلئے نیشنل کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام اور گوادر سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کیلئے کنسیپچول فریم ورک کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بلوچستان کیلئے ڈویلپمنٹ پلان، گوادرماسٹرپلان، سی پیک اتھارٹی کے قیام اورخیبر پختونخوامیں ضم کئے جانیوالے سابق قبائلی اضلاع کیلئے ایکسیلیریٹڈ ڈویلپمنٹ پلان برائے مالی سال 2019-20ءکا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بلوچستان کیلئے ترقیاتی پلان پر تفصیلی پریزینٹیشن پیش کی گئی جس میں صوبہ میں سلامتی کی صورتحال بالخصوص بارڈر مینجمنٹ میں مزید بہتری، ریاست کی عملداری میں اضافہ اورصوبہ کے عوام کی بہتری کیلئے سماجی اوراقتصادی ترقی کے اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا تھا۔
اجلاس کو بتایا گیاکہ ماضی میں صوبہ کو نظراندازکرنے، رابطوں اوراقتصادی مربوطیت میں کمی، سلامتی کے چیلنجوں، وسائل کے عدم استعمال اورناقص انتظام وانصرام کی وجہ سے صوبہ میں غربت میں اضافہ ہوا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ 8 برسوں میں صوبہ میں ترقی کیلئے اخراجات کے جائزہ میں معلوم ہواہے کہ اس دوران مجموعی طورپر45 فیصد فنڈز ضائع یا چوری ہوئے۔