اسلام آباد: (دنیا نیوز) یومِ آزادی' کشمیریوں کی آزادی' کے نام، چودہ اگست یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی یکجہتی کشمیر ریلی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، 'کشمیر بنے گا پاکستان' کا نعرہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
یوم آزادی بطور یوم یکجہتی کشمیر، سبز ہلالی پرچم اور آزاد کشمیر کا جھنڈا کل ساتھ ساتھ ہوگا۔ تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک میں بھرپور پاور شو کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
یوم آزادی کے سلسلے میں اسلام آباد کی مرکزی شاہراہیں پاکستان اور کشمیر کے پرچموں سے سجائی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے بھی چودہ اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منسوب کرنے کے حکومتی فیصلے کی تائید کی ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔ جس میں وفاقی وزراء اور اہم سیاسی شخصیات شریک ہوں گی۔ ڈی چوک کو خصوصی طور پر سجایا جارہا ہے۔
یوم آزادی پر دیگر جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی ریلیوں اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف پرامید ہے کہ اسلام آباد کے شہری بڑی تعداد میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں حصہ لیں گے اور دنیا کو پیغام دیں گے کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں۔