پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اجمل وزیر نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ملک کی سرحدوں پر جنگ اور کشمیر میں آگ لگی ہے لیکن اپوزیشن اپنا منجن بیچنے میں لگی ہے۔
پشاور کیبنٹ روم میں پریس کانفرنس کے دوران مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ آبی جارحیت سے نمٹنے کے لئے امدادی ادارے پنجاب حکومت کی امداد کے لئے بھی ہمہ وقت تیار ہیں۔
اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہندوستانی ہٹلر کو اینٹ کا جواب پتھر سے دے گی۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہمارے قبائلی بھی فوج کے ساتھ ہر وقت تیار کھڑے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ یک نکاتی ایجنڈے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بڑی کامیابی ہے، قوم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، ہم عوام کے ساتھ محاذ پر ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بتانا چاہتا ہوں کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، ملک کی سرحدوں پر جنگ اور کشمیر میں آگ لگی ہے اور اپوزیشن اپنا منجن بیچ رہی ہے۔ اپوزیشن کی اے پی سی کی مذمت کرتے ہیں۔