اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کی سہل اور سستے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سے ہی ان کی زندگیوں میں واضح تبدیلی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے ملاقات کی اور مفادِ عامہ میں بنائے جانے والے نئے قوانین اور ان کے نفاذ میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیرِ قانون نے بتایا کہ عوام کو ان کے حقوق اور دیگر معاملات کے بارے میں متعلقہ قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے پاکستان کوڈ کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس ضمن میں پاکستان کوڈ کے نام سے ایک ایپلیکشن بھی بنا لی گئی ہے جو جلد عوام کو ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوگی۔
فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ اس ایپلیکیشن کے تحت 1840ء سے مارچ 2019ء تک کے قوانین کی تمام تفصیلات حاصل کی جا سکیں گی۔ پاکستان کوڈ میں اب تک 23 مختلف شعبوں سے متعلق 844 قوانین درج ہیں۔
وزیرِ قانون نے وزیرِاعظم کو دیگر مختلف قوانین پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں وزیرِ قانون کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ عوام کی سہل اور سستے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فوری اور آسان انصاف ہی عوام کے مسائل کے حل اور انکی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔