سنگین غداری کیس: مشرف کے وکیل کی تعیناتی، نوٹیفکیشن عدالت میں پیش

Last Updated On 28 August,2019 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت قانون نے سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کے وکیل کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن خصوصی عدالت میں پیش کر دیا، وکیل کو تیاری کیلئے 24 ستمبر تک مہلت دیدی گئی۔ نوٹیفکیشن میں تاخیر پر جسٹس نذر اکبر نے ریمارکس دیئے حکومت کو کام وقت پر کرنا چاہیے، عدالت حکومتی خواہش پر نہیں چلے گی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس نذر اکبر اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل 2 رکنی بنچ کے روبرو وزارت قانون حکام نے رضا بشیر ایڈووکیٹ کی پرویز مشرف کے وکیل کے طور پر تعیناتی کا نوٹیفکیشن پیش کیا۔

جسٹس نذر اکبر نے استفسار کیا کہ نوٹیفیکشن جاری کرنے کے حکم پر 3 دن میں عمل کیوں نہیں ہوا ؟ حکومت کو علم ہونا چاہیے کہ عدالت کیسے کام کرتی ہے۔

رضا بشیر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ نوٹیفکیشن آج ہی ملا ہے۔ ہفتہ وار چھٹیوں کی وجہ سے ریکارڈ نہیں لے سکا، کیس کی تیاری کیلئے وقت دیا جائے۔

جسٹس نذر اکبر کہا کہ اتنی سستی دکھائیں گے تو عدالت سے اچھے کی توقع نہ رکھیں، دلچسپی ہے تو ہی مقدمہ لڑیں، کیس کی کارروائی مکمل ہونے کے قریب ہے التوا نہیں دیا جائے گا، 24 ستمبر کو استغاثہ کے حتمی دلائل سنیں گے۔