اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے رضا بشیر کو وکیل دفاع مقرر کردیا۔ وکیل ملزم کی جانب سے 342 کے سوالات کے جواب دے گا، وزارت قانون وکیل کو فیس کی ادائیگی کرے گی۔
سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ نے وزارت قانون کی جانب سے پیش کی گئی 14 وکلا کی فہرست میں سے رضا بشیر کو وکیل دفاع مقرر کر دیا ہے۔
عدالت کا مقرر کردہ وکیل ملزم کی جانب سے 342 کے سوالات کے جواب دے گا۔ دوران سماعت وزارت قانون نے عدالتی حکم پر 14 وکلا پر مشتمل پینل کی فہرست عدالت کے روبرو پیش کی اور بتایا کہ اختر شاہ ایڈوکیٹ، رضا بشیر ارم شاہین، چودھری عتیق الزامان، عامر عزیز انصاری سمیت 11 وکلا نے حامی بھر لی جبکہ تین وکلا کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔
کیس کی سماعت کے بعد خصوصی عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ رضا بشیر کو وکیل دفاع مقرر کیا جاتا ہے اور کیس کا تمام ریکارڈ بھی وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
رضا بشیر کو 342 کے سوالات کا جواب دینے کیلئے 15 لاکھ فیس اور ہر پیشی پر 30 ہزار ٹی اے ڈی اے ملے گا، جس کی ادائیگی وزارت قانون کرے گی۔ کیس کی آئندہ سماعت 28 اگست کو ہوگی۔