اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اچانک طبیعت بگڑنے پر دبئی کے امریکن ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے سابق صدر کو ملاقاتوں اور بات چیت سے روک دیا ہے۔ قبل ازیں انہیں جنوری میں ہسپتال لایا گیا تھا۔ خصوصی عدالت میں سنگین غداری کیس میں دوران سماعت جنرل مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل چلنے پھرنے کے قابل نہیں، نہ وہ ٹھیک طرح سے بول سکتے ہیں۔وہ پاکستان آنا چاہتے تھے مگر بیماری کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکے۔
دوسری طرف آل پاکستان مسلم لیگ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے گردش کرنے والی گمراہ کن خبروں کی تردید کر دی۔ پارٹی کی سیکرٹری جنرل مہرین آدم ملک نے وضاحتی بیان میں کہا کہ پرویز مشرف سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ پرویز مشرف بالکل ٹھیک ہیں اور دبئی میں زیر علاج ہیں، تمام خیرخواہ پرویز مشرف کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا کریں۔