سنگین غداری کیس: سابق صدر پرویز مشرف دو مئی کو طلب

Last Updated On 28 March,2019 05:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سنگین غداری کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو بیان قلمبند کرانے کیلئے دو مئی کو طلب کر لیا ہے۔ 342 کا سوالنامہ پرویز مشرف کے وکیل کو دیدیا گیا ہے۔

سنگین غداری کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی۔ پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل کے ساتھ صرف اس لئے کہ وہ صدر رہے کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو سکتا۔ مشرف کی غیر موجودگی میں 342 کا بیان نہیں ہو سکتا۔

جسٹس طاہرہ صفدر نے وکیل استغاثہ سے سوال کیا کہ ملزم عدالت حاضر نہیں ہوتا تو کیا کرنا چاہیے؟ وکیل نے جواب دیا کہ ملزم کی عدم موجودگی میں ان کے وکیل کی حاضری کو ہی ملزم کی حاضری سمجھا جاتا ہے۔ وکیل بھی پیش نہ ہو تو عدالت دفعہ 9 کے تحت خود وکیل مقرر کرے گی۔

وکیل نے دبئی رابطے کے بعد عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کی کیمو تھراپی چل رہی ہے، وہ 13 مئی تک پاکستان آ سکتے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ وہ رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل آئیں، دو مئی کو عدالت میں پیش ہوں اور غداری کیس کے مکمل ریکارڈ کیلئے باضابطہ تحریری درخواست دیں۔