اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدور آصف علی زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے خلاف این آر او کیس ختم کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ اومنی گروپ معاملے میں بھی پیش رفت ہو گئی۔
جعلی اکاؤنٹس کیس میں پھنسے سابق صدر آصف زرداری کو سکھ کا سانس ملا۔ سپریم کورٹ نے آصف زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے خلاف این آر او کیس ختم کر دیا۔ چیف جسٹس کہتے ہیں کہ اب اس معاملے میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آصف زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے اثاثوں کی تفصیل آ چکی ہے۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار سے متعلق استفسار کیا کہ درخواست گزار فیروز شاہ گیلانی کدھر ہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ فیروز شاہ گیلانی علیل ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اومنی گروپ کیس میں بھی بہت پیش رفت ہو چکی ہے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ عدالت نے آصف زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے خلاف این آر او کیس ختم کر دیا۔