اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی سن لے، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، پاک فوج تیار ہے، آج سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، آزادی کیلئے آخری دم تک ساتھ دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، کشمیر کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، 80 لاکھ کشمیری 4 ہفتے سے کرفیو کے باعث بند ہیں، کشمیریوں کے دکھ میں پوری طرح شامل ہیں، بھارتی حکومت انسانوں پر ظلم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا آر ایس ایس میں مسلمانوں کیخلاف نفرت ہے، یہ تنظیم جرمن نازی پارٹی سے متاثر ہو کر بنائی گئی، آر ایس ایس کا نظریہ ہے کہ مسلمانوں کو برابری کا حق نہیں ملنا چاہیئے، آر ایس ایس کے نظریے نے بھارت پر قبضہ کرلیا، ہر فورم پر کشمیرکی جنگ لڑوں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا نیویارک ٹائمز میں کشمیر پر آج میرا مضمون شائع ہوا ہے، جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی ادارے خاموش رہتے ہیں، آر ایس ایس کے رکن نے گاندھی کو قتل کیا تھا۔ انہوں نے کہا بھارتی اپوزیشن کو بھی سری نگر نہیں جانے دیا گیا، مودی اپنے تکبر میں جو کر بیٹھا ہے اب کشمیر آزاد ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا بھارت کی کوشش ہے توجہ ہٹانے کیلئے کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے، مودی کو بتانا چاہتا ہوں اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، آزاد کشمیر میں کچھ کیا تو ہماری فوج پوری طرح تیار ہے، 2 ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہوں گی تو پوری دنیا کو نقصان ہوگا، جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کروں گا، ایک ماہ سے کشمیریوں کو بند کیا ہوا ہے۔