اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں شہر شہر، قریہ قریہ کشمیر آور منانے کیلئے لوگ سڑکوں پر نکل آئے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور وادی میں مظالم کیخلاف بھارت کیخلاف شدیدا حتجاج کیا گیا۔ شرکا نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پوری قوم کشمیریوں کی آواز بن گئی، کشمیری بھائیوں سے اظہا ریکجہتی کیلئے ملک بھر میں کشمیر آور منایا گیا۔ صادق آباد، پاک پتن، جہانیاں، وہاڑی اور دیگر کئی شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئی، طلبا اور مختلف مکاتب فکر کے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔
صادق آباد کے نوجوانوں نے کشمیریوں سے اظہار محبت میں آزاد کشمیر کا سو فٹ لمبا جھنڈا تیار کرلیا۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ سکھر، کشمور اور دوسرے شہروں میں عوام نے کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے اور ریلیاں نکالیں۔
بلوچستان میں گوادر، قلعہ عبداللہ، چاغی میں مختلف مکاتب فکر کے افراد نے وادی میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کیا۔ خیبرپختونخوا میں سوات کے عوام نے کشمیریوں سے بھرپوریکجہتی کا اظہار کیا۔ میرپور آزاد کشمیر میں خواتین کشمیریوں کی حمایت میں میدان میں آگئیں، وادی میں نہتے کشمیریوں پر مظالم پر مودی سرکاری کیخلاف شدید احتجاج کیا۔