لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 27 دن سے کشمیریوں پر مظالم پر عالمی برادری کی بے عملی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف کا متعصبانہ اور جانبدارانہ استعمال دنیا کو تباہی کی طرف لے جائے گا، عالمی برادری نے کشمیریوں کی نسل کشی نہ رکوائی تو اپنے دفاع میں اسلحہ اٹھانے میں حق بجانب ہوں گے، اقوام متحدہ کی قراردادیں قابض افواج کے خلاف مظلوموں کو ہتھیار اٹھانے کی اجازت دیتی ہیں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں پربہیمانہ مظالم پر کشمیری نوجوان خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کی خاموشی کشمیری نوجوانوں کو کیا پیغام دے رہی ہے؟ نسل کشی کے خطرے سے دوچار قوم اپنی بقاءاور دفاع کے لئے ہر حد تک جانے کا جواز رکھتی ہے، آج عالمی برادری اپنے وعدوں کا پاس نہیں کرے گی تو کل اسے کسی کو لیکچر دینے کا حق بھی نہیں ہو گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے گناہوں کا لہو بہنے سے نہ روکا گیا تو مظلوم کشمیری عالمی برادری کو بھی قاتل کا ساتھی سمجھیں گے، پاکستانی اور کشمیری اپنے بھائیوں، بہنوں پر بدترین مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، مغرب کو مشرقی تیمور اور ساؤتھ سوڈان کی فکر تھی تو پاکستانیوں کو کشمیریوں کی فکر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مغرب کو مسیحی آبادی اور دیگر اقوام کے حقوق میں دلچسپی ہے تو پاکستان کو بھی کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقوق سے دلچسپی ہے، مودی کا ظلم عالمی برادری اور مہذب دنیا کا امتحان ہے، عالمی برادری دوراہے پر کھڑی ہے، مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے۔
قائد حزب اختلاف کا مزید کہنا تھا کہ ظلم کا بیج بو کر دنیا میں امن وخوشحالی کے پھول نہیں کھلیں گے، ظلم، تعصب اور نفرت کی فصل کا زہریلا پھل پوری انسانیت کا مقدر نہیں دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کرہ ارض کو جہنم بنانا چاہتی ہے یا امن وآشتی کا گہوارہ، دنیا یاد رکھے کہ کشمیری ستر سال سے زائد عرصے سے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، نسل در نسل اپنی آزادی کے حق کی قیمت دینے والوں کو کیسے ڈرایا اور دبایا جاسکتا ہے۔