کراچی: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کشمیر کا سفیر بننے کےوعدے کو وفا کر دیا، شمالی امریکا کی مسلم کمیونٹی کے سامنے کشمیریوں کا مؤقف رکھا، اوآئی سی کے دو ممبران کا متفقہ بیان آیا، امیدکرتے ہیں وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہونگے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فاشسٹ سوچ کا حامل ہے، مقبوضہ کشمیر میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، وادی میں 28 روز سے کاروبار زندگی بند ہے، نہتے نوجوانوں کو اٹھا کر تشدد کانشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا سب کی ذمہ داری ہے، وقت ثابت کرے گا کہ او آئی سی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم دنیا کو کشمیر کے حالات سے آگاہ کر رہے ہیں، وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور کشمیر کا معاملہ دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ امریکہ میں ان کی کئی ملاقاتیں شیڈول ہیں جن میں مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت ہو گی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو پوری پاکستانی قوم مقابلہ کرے گی۔ کسی بھی ایڈونچر پر مودی کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ کرتارپور راہداری پر 80 فیصد کام ہو چکا، بابا گرونانک کے جنم دن پرسکھوں کو کرتارپور راہداری پرخوش آمدید کہیں گے۔