اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے فروری میں دشمن کے خلاف پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچے جہاں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دفاع وطن کے لیے قربانیوں پر وزیراعظم نے پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے رواں سال فروری میں دشمن کے خلاف پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی جانب سے پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے اور قومی تعمیر وترقی کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔