لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں صوبہ پنجاب میں نئے ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں صحت سہولیات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، مومن آغا، سلمان شاہ، نعیم الحق اور فردوس عاشق اعوان بھی شریک ہوئیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکرٹری صحت مومن آغا نے وزیراعظم کو صوبے میں سہولیات بارے بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب میں نئے ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی منظوری دی گئی جبکہ ہیلتھ سٹی کا قیام بھی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ مجھے بہت دکھ ہوتا ہے، جب میں ہسپتالوں میں عوام کا رش دیکھتا ہوں۔ ہمیں عوام کو مزید سہولیات دینی چاہیں۔ غریبوں کے لئے ٹیسٹ اور تمام ادویات فری ہونی چاہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں صحت جیسے اہم شعبے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سروس ڈلیوری پر خصوصی فوکس کیا جائے۔