فیروزوالا: (دنیا نیوز) فیروزوالا میں وکیل کے تشدد کا نشانہ بننے والی لیڈی کانسٹیبل کا تبادلہ کرکے اسے اے ایس پی آفس مریدکے بھجوا دیا گیا ہے.
لیڈی کانسٹیبل فائزہ کا تبادلہ کرکے اسے اے ایس پی آفس مریدکے بھجوا دیا گیا ہے۔ ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین کا کہنا ہے کہ خاتون کانسٹیبل فائزہ اپنے گھر واپس آ چکی ہے، وہ پرعزم ہے، نوکری نہیں چھوڑ رہی۔ اس خاتون کا کیس کرمنل سے زیادہ اخلاقی ہے۔ محکمہ اپنی ملازمہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
قبل ازیں کانسٹیبل فائزہ نے انصاف نہ ملنے پر پولیس کی نوکری سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وکلا ذہنی طور پر ٹارچر کر رہے ہیں، سمجھ نہیں آ رہی کہاں جاؤں؟ اپنے ایک ویڈیو بیان میں کانسٹیبل فائزہ نے کہا تھا کہ اس نے پولیس فورس خدمت کے تحت جوائن کی لیکن چھپڑ مارنے کے معاملے میں مجھے انصاف ملتا نظر نہیں آ رہا۔ مجھے ذہنی ٹارچر کیا جا رہا ہے۔ میں محکمہ پولیس سے استعفی دے رہی ہوں۔
یاد رہے کہ دوران ڈیوٹی فائزہ نواز نامی لیڈی کانسٹیبل کو ایک وکیل احمد مختار نے چھپڑ مار دیا تھا۔ اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے وکیل کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ تو درج کر لیا تھا مگر ملزم نے عدالت سے رجوع کرکے ضمانت پر رہائی حاصل کرلی ہے۔