کراچی: (دنیا نیوز) دنیا نیوز پاک فضائیہ کے شہید فلائنگ افسر ارشد لودھی کے ورثاء کی آواز بن گیا، ڈی جی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکڑ بدر جمیل نے قبضہ مافیا سے پلاٹ وگزار کرانے اور ورثاء سے رشوت لینے والے افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
دنیا نیوز کی کوششیں رنگ لے آئیں، پاک فضائِیہ کے شہید فلائنگ آفیسر کیپٹن ارشد لودھی کے ورثا کی فریاد کا حکام نے نوٹس لے لیا۔ دنیا نیوز نے تمغہ بسالت سے نوازے جانے والے شہید فلائنگ آفیسرکے گلستان جوہر کراچی میں چار سو گز کے پلاٹ پر قبضے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ ڈی جی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر بدر جمیل نے پاک فضائیہ کے شہید افسر کے ورثاء کو حق دلانے اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا عندیہ دیا۔
شہید فلائنگ آفیسر کے ورثا کا کہنا تھا کہ معاملہ اٹھانے پر دنیا نیوز کے مشکور ہیں، ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ افسران کی جانب سے پلاٹ واگزار کرانے کے لئے آپریشن کے نام پر لاکھوں روپے رشوت وصولی کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کا حکم بھی دیا۔ ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا تھا شہری رشوت کا تقاضہ کرنے والے افسران کے بارے میں آگاہ کریں۔