پیرس: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر پیرس ائیر شو کے مداحوں پر سحر طاری کرنے کے لئے تیار ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر نے پیرس ائیر شو کیلئے ریہرسل کا آغاز کر دیا ہے، یہ ائیر شو لابورج پیرس میں 17 سے 23 جون تک منعقد کیا جائے گا۔ تین جے ایف 17 تھنڈر طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ پیرس ائیر شو میں شرکت کیلئے دو دن پہلے پیرس پہنچا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق شو میں جے ایف 17 تھنڈر کی شرکت کو بہت اہمیت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے، پاک فضائیہ شو میں جے ایف 17 تھنڈر کی صلاحیتیوں کو ظاہر کرنے کا موقع ملے گا، یہ ائیر شو فرنچ ائیر و سپیس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے۔
یاد رہے کہ پیرس ایئر شو میں پاکستانی وفد میں ائر فورس کے آفیسر، پائلٹ، ٹیکنیشن اور ایکسپرٹ بھی موجود ہیں۔ سترہ جون سے شروع ہونے والے اس ایئر شو میں دنیا بھر سے طیارہ ساز کمپنیاں شرکت کریں گی۔
ذرائع کے مطابق ایئر شو سات دن تک جاری رہے گا۔ 17 سے 20 جون تک پروفیشنلز کیلئے اور آخری تین دن پبلک کے لئے بھی داخلہ رکھا گیا ہے۔ جے ایف سترہ تھنڈر لڑاکا طیارے پہلی بار 2015ء کے پیرس ائر شو میں پیش کیا گیا تھا۔