اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف زرداری اور فرالب تالپور سے ہفتے میں 2 دن ملاقات کی اجازت دینے سے متعلق درخواستیں مسترد کر دیں۔
آصف زرداری اور فرالن تالپور سے ملاقات سے متعلق درخواستوں پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ معاون وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت نے ملاقات کیلئے آصف زرداری سے پیر جبکہ فرالد تالپور سے ہفتہ کا روز رکھا ہے، کراچی میں کیسز کے باعث طے کردہ روز پر ملاقات نہ ہونے پر پورا ہفتہ انتظار کرنا پڑتا ہے، معاون وکیل نے عدالت سے ملاقات کیلئے ہفتے میں دو روز کے حکم کی استدعا کی اور کہا بلاول بھٹو زرداری کو والد سے 17 ستمبر کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے ہفتے میں دو روز ملاقات پر اعتراض کیا۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پرفیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ آصف زرداری سے ملاقات پیر کے روز ہی کی جاسکتی ہے۔ درخواست میں خاندان اور قانونی ٹیم نے ہفتے میں 2 روز ملاقات کی استدعا کی تھی۔