لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے بہت مشکل حالات پیدا کر دیئے ہیں، خوف کی فضا قائم کر کے حکومت چلائی جا رہی ہے۔ سنا ہے چیف الیکشن کمشنرکیخلاف بھی ریفرنس فائل ہو گا۔ پہلے جج صاحب کیخلاف ریفرنس فائل کیا گیا تھا، یہی وہی رویہ ہے جس کی طرف چیف جسٹس صاحب بھی اشارہ کررہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل چیف جسٹس جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بہت اہم باتیں کیں، حکومت کے ارادے واضح ہو چکے ہیں، حکومت نے اگراپوزیشن نہیں تو چیف جسٹس صاحب کی آوازسن لے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب نے کہا کہ طرزِ حکمرانی کیوجہ سے سیاست، جمہوریت کی سپیس سکڑ رہی ہے، انہوں نے بہت بڑے خطرے کی نشاندہی کی ہے۔ تقریر کے دوران جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بڑے سیریس تحفظات کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس صاحب نے کہا کہ آئین وقانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ انہیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، پاکستان کے احتسابی نظام کو شفاف ہونا چاہیے، احتساب کو اپوزیشن کی چند جماعتوں تک محدود نہ رکھا جائے، حکومت نے بہت سارے اقدامات اٹھائے جن پریوٹرن لیے۔
پریس کانفرنس کے دوران پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی اور پانی کا مسئلہ ہے۔ کل وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ وفاق کو کراچی کا کنٹرول سنبھالنا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) زبردستی قابض ہونے کی پالیسی پرگامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں فارورڈ بلاک کا تاثر دیا جا رہا ہے، سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی کا حکم نہیں مانا جا رہا۔ سندھ کے کیسز کو پنجاب منتقل کیا گیا۔ سندھ اسمبلی کی توہین کی جا رہی ہے۔ جب سے حکومت آئی آئینی بحران پیدا ہورہا ہے۔ یہ خوف کی فضا قائم کرکے حکومت چلانا چاہتے ہیں۔ فاشسٹ سٹائل سے حکومت چلائی جارہی ہے۔