پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج طورخم بارڈر کا افتتاح کرنے کے لیے جائیں گے، طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان ضلع خیبر ایجنسی کا دورہ کریں گے، پاک افغان طورخم بارڈ 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان اور ارباب شہزاد سمیت دیگر بھی ساتھ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر کسٹم اور دیگر اداروں نےانتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سرحد کھولنے سے دو طرفہ تجارت میں بہتری آئے گی اور تجارت کومزید فروغ حاصل ہو گا۔
اُدھر وزیراعلیٰ محمود خان پاک افغان بارڈرطورخم پہنچ گئے، انکے ہمراہ وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی بھی ہیں، وزیراعلیٰ طور خم بارڈر پر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔