فیصل آباد: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل کو دل کا دورہ پڑ نے پر ایف آئی سی منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق لیگی رہنما رانا افضل کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں جلد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ رانا افضل فیصل آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 82 سے منتخب ہوئے تھے اور ن لیگ کے دورے حکومت میں خزانہ کے پارلیمنٹری سیکریٹری رہے جنہیں بعد وزیرِ مملکت برائے خزانہ بنا دیا گیا تھا۔
رانا محمد افضل نے کراچی میں این ای ڈی سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی جبکہ انہوں نے کوئٹہ میں قائم بلوچستان یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس سے اپنا ماسٹر مکمل کیا تھا، وہ 1971 سے 1976 تک پاک فوج میں بحیثیت کیپٹن بھی اپنی خدمات دیتے رہے ہیں۔
وہ 1997 سے 1999 تک پنجاب اسمبلی کے رکن بھی رہے اور انہوں نے 2008 کے عام انتخابات میں ایک مرتبہ پھر صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔