اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں پہلے پری فیبریکیٹڈ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ انہوں نے کہا عوام کو سستے گھروں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، پہلے سے تیار شدہ گھروں سے عوام کو کم وقت میں اپنا گھر میسر ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ منصوبے کی تقریب سے خطاب پاکستان میں پہلی بار سستے گھروں کا منصوبہ شروع کیا گیا، گوادر میں فائیو سٹار منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کر لیا گیا، ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں، 4 سے 5 ماہ میں لوگوں کو ان گھروں میں منتقل کیا جاسکتا ہے، ترکی اور بھارت میں اس کا کامیاب تجربہ کیا گیا، کراچی میں 40 فیصد سے زائد کچی آبادی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں بھی کچی آبادیاں ہیں، زراعت اور پری فیبری کیٹڈ ہاؤسنگ منصوبہ اہم ترجیح ہے، یہ چینی کمپنی کا معیاری، سستا اور جلد مکمل ہونیوالا منصوبہ ہے، پاکستان میں زراعت کی پیداوار سست روی کا شکار ہے، زرعی شعبے کے فروغ کیلئے چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرینگے، پاکستان زرعی ملک ہے، زرعی پیداوار میں اضافے سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ تجارتی خسارے کو ختم کرنے کیلئے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، حکومت سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔