اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف مشن چیف نے بھی پاور سیکٹر کی کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر توانائی عمر ایوب سے ملاقات کی۔ وفد کو پاور سیکٹر کی وصولیوں میں اضافے اور لائن لاسز میں کمی پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر توانائی نے آئی ایم ایف وفد کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک گردشی قرض کم کرکے 18 ارب روپے پر لایا گیا ہے۔ مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے نئی قابل تجدید توانائی پالیسی لا رہے ہیں۔ بجلی پیداوار میں درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جائےگا۔
اس موقع پر آئٰی ایم ایف مشن چیف نے اہداف کے حصول میں پاور ڈویژن کی کوششوں کو سراہا۔ مشن چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاور سیکٹر کی کار کارکردگی حوصلہ افزا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے مقامی وسائل سے بجلی پیداوار کا فیصلہ خوش آئند ہے۔