کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے عوام کو بجلی کا جھٹکا، کے الیکٹرک نے بجلی یونٹ کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے تک کا اضافہ کردیا۔
پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی تھی، رہی سہی کسر کے-الیکٹرک نے نکال دی، فی یونٹ 3 روپے 37 پیسے تک کے اضافے نے عوام کو 440 واٹ کا جھٹکا لگا دیا۔ نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔
اب ماہانہ 300 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والے صارف کو فی یونٹ 2 روپے 15 پیسے اضافے ادا کرنے ہونگے یعنی فی یونٹ قیمت 17 روپے 15 پیسے کردی گئی۔
ماہانہ 700 یونٹس سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو اب اضافے فی یونٹ 3 روپے 37 پیسے ادا کرنے ہونگے یعنی اب فی یونٹ قیمت 20 روپے 70 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پیک آور میں بجلی کے ریٹ 21 روپے 63 پیسے ہونگے۔ حکومت نے 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے سبسڈی جاری رکھی ہے، اس کے علاوہ کے الیکٹرک صارفین سے اب بینک چارجز اور میٹر رینٹ وصول نہیں کیا جائے گا۔