وزیراعظم عمران خان کی مسجد نبوی ﷺ پر حاضری، پاکستان کے لئے خصوصی دعائیں

Last Updated On 20 September,2019 09:33 pm

مدینہ منورہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے لئے حجرہ روضہ رسول ﷺ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے تو ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر مدینہ شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے استقبال کیا۔ وزیراعظم نے مسجد نبوی پہنچنے کے بعد اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نوافل بھی ادا کیے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کی۔ پاکستانی عوام اپنے لیڈر کو حرم میں اپنے درمیان دیکھ کر انتہائی پرجوش ہوئی۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ بیت اللہ کے اندر نوافل ادا کئے۔ وزیراعظم اور وفد نے کشمیر، عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

یاد رہے عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ چوتھا سرکاری دورہ ہے۔

Advertisement