وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی

Last Updated On 20 September,2019 12:05 pm

جدہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ اور وفد نے مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کی، وفد کے لیے خاص طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر نے بیت اللہ کے اندر نوافل ادا کئے، وزیر اعظم اور وفد نے کشمیر، عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں، پاکستانی عوام اپنے لیڈر کو حرم میں اپنے درمیان دیکھ کر انتہائی پرجوش ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ نماز جمعہ حرم شریف میں ادا کرینگے، عمران خان نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ روانہ ہوں گے۔

یاد رہے عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ چوتھا سرکاری دورہ ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے دوران 18 دو طرفہ ملاقاتوں کا شیڈول تیار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان 10 سے زائد ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ عالمی بینک کے صدر اورمائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس سے بھی ملیں گے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 2 ملاقاتیں طے ہیں، پہلی ملاقات ظہرانے کے بعد جبکہ دوسری ہائی ٹی کے موقع پر ہوگی۔

ذرائع نے بتایاکہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے خطاب کریں گے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کیخلاف جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران شدید احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement