وزرا عوام کے بارے میں سوچیں اور عام آدمی کو ریلیف دیں، وزیراعظم کی ہدایت

Last Updated On 18 September,2019 10:23 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ صوبائی وزرا عوام کے بارے میں سوچیں اور عام آدمی کو ریلیف دیں۔

گورنر ہاؤس پشاور میں صوبائی وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ پٹوار کے نظام کو مزید شفاف بنانا پڑے گا۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات ہیں۔ ملک کے حالات بہتر ہوتے ہی سرمایہ کاری شروع ہو گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ محمود خان نے صوبائی وزرا کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کا وزیراعظم نے بغور جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ محمود شاہ قریشی، گورنر شاہ فرمان، صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری اور پی ٹی آئی کی مرکزی چیف آرگنائزر ظفر اللہ نیازی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران نے مختلف محکموں کے حوالے سے سوالات بھی پوچھے۔ وزیراعلیٰ نے کارکردگی کے بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پٹواریوں کے خلاف دوبارہ شکایات آنا شروع ہو گئی ہیں۔ اس لیے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹواری نظام میں مزید شفافیت لائی جائے اور پٹواریوں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے۔

انہوں نے وزرا پر زور دیا کہ وہ ہر وقت عوام کے بارے میں سوچیں کہ انھیں ریلیف کیسے مل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبہ میں بہتری آنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کا ڈیجیٹلائز ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ اس سے زمینوں کے تنازعات ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے وزرا سے کہا کہ ان کو کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو وہ وزیراعلیٰ کو یا مجھے بتائیں۔
 

Advertisement