گونگے بہرے افراد کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ

Last Updated On 22 September,2019 04:47 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ترمیمی بل قائمہ کمیٹی نے منظور کرلیا۔ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش ہوگا۔ ترمیم کے بعد خصوصی افراد کولائسنس دیا جائے گا۔

حکومت پنجاب نے بڑا اقداما اٹھاتے ہوئے قوت سماعت اور گویائی سے محروم افراد کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے موٹر وہیکل ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

قانون میں ترمیم کے بعد 50 ہزار افراد اس سے مستفید ہو سکیں گے۔ قانون میں ترمیم کے بعد قوت سماعت اور قوت گویائی سے مرحوم افراد کو گاڑی چلانے کا لائسنس دیا جائے گا۔

ترمیمی بل تحریک انصاف کی رکن سعدیہ سہیل رانا نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں منگل کے روز ایوان میں پیش کیا تھا جسے سپیکر نے قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا تھا۔

سعدیہ سہیل رانا کے مطابق ترمیمی بل کو قائمہ کمیٹی نے منظور کر لیا ہے جسے پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کےلئے پیش کیا جائے گا۔