وفاقی حکومت کا اہم فیصلہ، سول اور دیوانی مقدمات میں پولیس کے اختیارات ختم

Last Updated On 23 September,2019 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت داخلہ نے سول اور دیوانی مقدمات میں اسلام آباد پولیس کے اختیارات ختم کر دئیے ہیں۔ پولیس کا دائرہ کار اب صرف فوجداری مقدمات تک محدود ر ہے گا۔ پولیس سول معاملات میں صرف عدالت کے حکم پر ہی مداخلت کرے گی۔

قانون پر عملدر آمد کے لیے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ زمینوں اور خاندانی جھگڑوں سے متعلق معاملات میں پولیس اختیارات ختم کر دئیے گئے ہیں، اب وفاقی پولیس ایسے تنازعات پر مقدمہ درج نہیں کرسکے گی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو پولیس سول معاملات میں صرف عدالت کے حکم پر ہی مداخلت کرے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت کی صورت میں سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا اور مداخلت پر معاملات سول عدالت کے ذریعے چلائے جائیں گے۔