پشاور: کمپیوٹرائزڈ کی جانیوالی ہزاروں کنال اراضی کا ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف

Last Updated On 26 September,2019 02:09 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں کمپیوٹرائزڈ کی جانیوالی ہزاروں کنال اراضی کا ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، تین کروڑ روپے سے زائد کا ڈیٹا پرائیویٹ سیکٹر سے خریدا گیا تھا۔ شہری کہتے ہیں حکومت کو ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے۔

پشاور میں کمپیوٹرائز ہونے والی زمین کا ریکارڈ چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، نواحی علاقوں کی ہزاروں کنال پرمشتمل اراضی کا ریکارڈ 2015 میں کمپیوٹرائزکیا گیا تھا۔ خالصہ سرکل کا کمپیوٹرائزریکارڈ پرائیویٹ سیکٹر سے خریدا گیا تھا جس کی مالیت ساڑھے تین کروڑ سے زائد تھی، شہریوں نے بھی ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

مشیر برائے آئی ٹی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ لینڈ ریکارڈ چوری ہونے کے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کروڑوں روپے مالیت کا ریکارڈ چوری کرنے والےعناصر کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔

حال ہی میں مجموعی طور پر 75 موضع جات کا لینڈ ریکارڈ بھی کمپیوٹرائز کیا گیا ہے، چھ ماہ میں پشاورمیں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کا سلسلہ مکمل کیا جائے گا۔