اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس پر عملدرآمد میں 125 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، پہلے مرحلے میں 3 ارب 29 کروڑ مقامی پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو چار سال میں مکمل ہو گا۔
حکومت نے جنگلات کے فروغ پر 109ارب 38 کروڑ روپے خرچ کرنے کا پروگرام بنایا ہے، وفاق منصوبے کے لیے 71 ارب، صوبے 38 ارب سے زائد حصہ ڈالیں گے۔ جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے 15 ارب 59 کروڑ روپے رکھے جائیں گے، گرین پاکستان پروگرام کے واجبات کی ادائیگی کے لئے 21 کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت پنجاب میں 26 ارب، خیبر پختونخوا میں 27 ارب روپے خرچ ہوں گے ، دستاویز کے مطابق بلوچستان میں 16 ارب، سندھ میں 5 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 33 ارب روپے اخراجات آئیں گے۔