اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگ نے حکومت مخالف تحریک پر اتفاق کرلیا۔ ن لیگ نے تجویز دی ہے کہ احتجاجی تحریک کے وقت اور طریقہ کار پر مشاورت ہونی چاہیئے، اے پی سی میں تمام جماعتوں سے مشاورت کرنی چاہیئے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عام انتخابات کی راہ جلد ہموار کرنا ہوگی، ملک کو بند گلی سے نکالنے کیلئے عام انتخابات کرائے جائیں، حکومت گرانے کی ہر مہم میں تعاون کیا جائے گا، احتجاج کی مشاورت کیلئے ایک اور کمیٹی بنا دی، ہمار اخیال ہے مارچ کی تاریخ آگے بڑھائی جائے، عوام ڈینگی کا شکار ہیں، پنجاب سے بدلہ لیا جا رہا ہے، ن لیگ کے منصوبوں کو رول بیک کیا جا رہا ہے، تمام معاشی شعبے کریش ہوچکے ہیں۔
لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا، مسئلہ کشمیر پر سیاست سے بالا تر ہو کر سب یکجا ہیں، وزیراعظم کے جنرل اسمبلی اجلاس میں خطاب کا بھی جائزہ لیا، پہلے 50 روز ضائع کیے گئے، وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے کسی ملک کا دورہ نہیں کیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت نے 58 ممالک کی حمایت کا یقین دلایا، مگر 16 ووٹ نہ لے سکی، حکومت عملی اقدامات سے محروم، صرف ٹویٹ کرتی ہے، وزیراعظم کو مظفرآباد جلسے میں اپوزیشن کو دعوت دینی چاہیئے تھی۔