لورالائی: (دنیا نیوز) بلوچستان میں ایک بار پھر امن دشمنوں نے حملے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے لورالائی کو تباہی سے بچا لیا۔ ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
لورالائی میں زراعت آفس کے قریب ایگل فورس کے اہلکار چیکنگ میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد نے اہلکاروں کو دیکھ کر فرار کی کوشش کی۔
ایگل فورس کے اہلکاروں کے پیچھا کرنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک حملہ آور ہلاک اور دوسرے نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔
حملے میں ایگل فورس کا اہلکار غلام محمد حسنی شہید اور دو زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ایف سی نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے لورالائی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔