کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں محکمہ تعلیم نے گھوسٹ اور غیر ذمہ دار اساتذہ کے خلاف کارروائیاں شروع کر دیں۔ کئی اساتذہ کو نوکری سے نکال دیا گیا۔
حکومتی اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں تعلیم کے شعبے کو ہزاروں کی تعداد میں گھوسٹ اساتذہ کا وجود دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد اساتذہ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جبکہ مزید اساتذہ کے کوائف جمع کر کے ان کے خلاف بھی محکمانہ کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔
حکومت بلوچستان نے محکمہ تعلیم میں بہتری لانے کیلئے ایسے اساتذہ کو برطرف کر دیا جو سرکاری سکولوں میں ڈیوٹیاں دینے سے قاصر ہیں۔
ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے 34 اساتذہ کی ملازمت ختم کر دی گئی ہے، جن میں 16 خواتین بھی شامل ہیں۔ صوبے میں اب بھی کئی ہزار ایسے اساتذہ موجود ہیں جو گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔