اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے تینوں ملزمان کا ریکارڈ فراہم کر دیا گیا۔ اویس مظفر ٹپی اور ثاقب سومرو کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کرپشن کرکے بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے برطانوی حکام نے سابق وزیر اویس مظفر ٹپی، ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو اور ایم کیو ایم لندن کے بابر غوری کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب حکام نے لندن میں موجود ملزمان کا ریکارڈ برطانوی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ برطانوی حکام کی درخواست پر کرپشن مقدمات میں مطلوب ملزمان کا ریکارڈ دیا گیا۔
برطانوی حکام نے گزشتہ ہفتے نیب حکام سے ملاقات کرکے ریکارڈ فراہم کرنے درخواست کی تھی، جس میں ملزمان کا ریکارڈ نیب سے طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ برطانوی حکام نے ایف آئی اے کے اعلی افسران سے بھی ملاقات کی۔ ایف آئی اے سے عمران فاروق قتل، ٹڈاپ کرپشن کیس اور ایم کیو ایم منی لانڈرنگ کیس پر ریکارڈ طلب کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے ایف آئی اے کی جانب سے تاحال ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔