واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کشمیر میں انسانی حقوق بحال کر کے بحران کا فوری خاتمہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے کہا بھارت کشمیر میں مواصلات اور انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کرے، لاک ڈاؤن ختم کر کے کرفیو اٹھایا جائے اور تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔
ادھر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور کرفیو پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افراد قید کی زندگی گزار رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت مذاکرات کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات کی تھی جس میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی گئی تھی۔