لاہور: (دنیا نیوز) ریلیوں میں مودی سرکار کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں مظالم کیخلاف پاکستانی کشمیریوں کی آواز بن گئے۔ شہر شہر بھارت کیخلاف ریلیاں نکالی گئیں۔ ننکانہ صاحب، جھنگ، اوچ شریف، خانپور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔
ان ریلیوں میں مختلف مکتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکا مودی سرکار کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔ ڈیرہ بگٹی اور اور پیر کوہ میں سینکڑوں افراد نے کشمیر میں بھارتی ظلم وجبر کیخلاف احتجاج کیا۔ شرکا نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے وادی میں مظالم پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
حیدر آباد میں ہندو کمیونٹی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ شرکا نے کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی پرزور مذمت کی۔
کشمیری بچوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے بنوں میں طلبہ نے مظاہرہ کیا۔ کشمیری لباس زیب تن کئے بچے کشمیریوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔