عمران خان حکومت کو سال کے آخر تک گھر جانا ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

Last Updated On 07 October,2019 10:24 pm

راولپںڈی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم اپنے اعلان پر قائم ہیں، مخالفین کو جیلوں میں رکھا گیا تو مولانا کی طرح سخت پوزیشن لینے پر مجبور ہوں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دھرنے کی سیاست سے حکومت کو گھر بھیجنے سے سسٹم کو نقصان پہنچتا ہے لیکن اگر جمہوری اور انسانی حقوق پر حملے کریں گے تو پھر ہم بھی دھرنے کے لیے مجبور ہو جائیں گے۔ اگر مخالفین کو جیلوں میں رکھا جائے گا تو پھر ہم بھی مولانا فضل الرحمان کی طرح ایکسٹریم پوزیشن لیں گے۔ تحریک انصاف پارلیمان کو عزت دے رہی ہے اور نہ ہی جمہوری نظام کو، اپنی بات پر قائم ہیں، سال کے آخر تک عمران خان کو گھر جانا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ غداری کا الزام اقتدار بچانے کے لیے لگا دیا جاتا ہے۔ جس جماعت کو فنڈنگ بھارت سے ہو، وہ کس منہ سے دوسروں کو ’’را‘‘ کا ایجنٹ کا الزام لگاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بیمار ضرور، مگر ان کا حوصلہ بلند ہے، وہ پہلے بھاگے نہ اب کہیں بھاگیں گے۔ عدالت میں ہمیں ضمانت کے لیے اپلائی کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ظلم برداشت کیا، اب بھی کرینگے لیکن کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ آزادی مارچ، پیپلز پارٹی کا مشاورتی اجلاس بلایا ہے۔ ہم ملک میں جمہوریت چاہتے ہیں، ہمارا آج بھی وہی موقف ہے۔ جمہوریت کا پرچم اٹھا کرآگے بڑھ رہے ہیں۔ عدالتوں کے اندر اپنا کیس لڑتے رہیں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا جیل میں علاج نہیں کروایا جا رہا۔ بھارتی پائلٹ کو بھی طبی سہولیات دی گئیں لیکن سابق صدر کو آج تک طبی سہولیات نہیں دی جا رہی۔ یہ ہے نیا پاکستان اور مدینہ کی ریاست؟