پشاور: (دنیا نیوز) ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر تمام سروسز سے بائیکاٹ جاری ہے۔ مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے دوبارہ احتجاج کی کال بھی دیدی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ہڑتال تیرہویں روز میں داخل ہو گئی۔ صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر سروسز سے بائیکاٹ جاری ہے۔
طبی عملے کی ہڑتال کے باعث لیڈی ریڈنگ اور دیگر ہسپتالوں کو آنے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ہسپتالوں میں ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈاکٹروں کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پولیس والے بھرپور تیاری کر لیں۔
ادھر پشاور کے لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اور ایچ ایم سی میں روزانہ ہزاروں مریض او پی ڈی کا رخ کرتے ہیں جو پچھلے 13 دنوں سے مایوس گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔