اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے دارالحکومت میں مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بروقت منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ترقیاتی اتھارٹی کی تنظیم نو کا مقصد خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ شہری آبادی میں اضافے کے پیش نظر نئے بلڈنگ کوڈ پر جلد عملدرآمد کیا جائے۔ بڑھتی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پانی کی دستیابی یقینی بنائے جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے گزشتہ چھ ماہ کی پیشرفت رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی اور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار سی ڈی اے کے مالی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے سیکٹر کی ترقی تعطل کا شکار رہی۔ سی ڈی اے اب تعطل کا شکار شعبوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم کو اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے دارالحکومت کے ماسٹر پلان کا جائزہ لینے کے لئے کمیشن کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے دارالحکومت کے گرین بیلٹس کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔