بلوچستان میں وی آئی پی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خدمات واپس

Last Updated On 10 October,2019 10:06 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ بلوچستان نے وی آئی پی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خدمات واپس لے لیں، عوامی حلقوں میں حکومت کے اقدام کی خوب پذیرائی ہو رہی ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کا صوبے کے عوام کے مفاد میں اہم فیصلہ، سینیٹر سرفراز بگٹی، سابق ایم این اے، ایم پی اے، سیاست دانوں ، مختلف صوبائی محکموں کے سیکرٹریز، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے افسران، ڈی آئی جیز، ایس پیز اور صوبائی الیکشن کمشنر کے گارڈ کی ڈیوٹی پر تعینات 122 پولیس اہلکاروں کوواپس بلوا لیا ہے۔

واپس بلوائے جانے والے پولیس اہلکاروں کو عوام کی جان ومال کے تحفظ کی غرض سے شہر میں جنرل ڈیوئی پر تعینات کیا جائے گا۔ وی آئی پی ڈیوٹی سے پولیس اہلکاروں کی خدمات واپس لینے کے اقدام کو عوامی حلقوں نے سراہا ہے۔

مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنےوالے افراد نے محکمہ داخلہ سے اپیل کی ہے کہ اسی طرح مزید پولیس اور لیویز کے اہلکاروں کی خدمات بھی واپس لی جائیں جو اب بھی وی آئی پیز کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں تا کہ گڈ گورننس عملی طور پر نظر آئے۔