اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ چینی قیادت مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حامی ہے، پاکستان ہر سطح پر معاملہ اٹھا رہا ہے، وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا باضابطہ اعلان ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر میں ملٹری لاک ڈاؤن 66 روز سے جاری ہے، کشمیر دنیا سے مسلسل کٹا ہوا ہے، 3 امریکی صدارتی امیدواروں نے کشمیر میں بھارتی ظلم پر بات کی، پاکستان نے چینی قیادت کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا، امریکی کانگریس وفد نے مظفرآباد کا دورہ کیا اور کشمیری قیادت سے ملاقاتیں کیں، مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں سنی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا زائرین کو عراق کے ویزے جاری ہو رہے ہیں، سارک کونسل اجلاس میں بھارت نے اعتراض اٹھایا، بھارت سے خیر کی توقع نہیں، سارک سربراہ اجلاس سے متعلق جائزہ لیا جا رہا ہے، کرتار پور راہ داری مقرہ وقت پر کھولی جائے گی، منموہن سنگھ کو کرتارپور راہداری افتتاح پر باضابطہ دعوت دیدی، کرتارپور راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے، سفیروں کی تعیناتی قانون اور ضوابط کے تحت ہوتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل ہونے کو تیار نہیں، دنیا خطے کو اسلحے کی دوڑ میں نہ دھکیلے، رافیل ہو یا کچھ اور 27 فروری کی طرح دفاع کرنا جانتے ہیں۔