لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے، موجودہ دور میں بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا، 72 برس بعد بھی پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان نہیں بنا سکے۔
لاہور میں ن لیگی رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ پر نوازشریف نے چین جا کر دستخط کیے۔ مسلم لیگ (ن) نے 2013 میں ملکی معیشت کو مستحکم، دہشتگردی ختم کرنے میں اہم کردارادا کیا لیکن کراچی ایک بار پھرتباہی کی طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 70 سال میں بہت کم جمہوریت رہی، پرویز مشرف کے 7 نکاتی فارمولے نے ملک کو تباہ کیا۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ نوازشریف نے دیا۔ موجودہ دور میں ملک میں بے روزگاری اورمہنگائی میں خاصا اضافہ ہوا ہے، افسوس 72 سال بعد بھی پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان نہیں بنایا جا سکا۔