مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں: ایئر چیف

Last Updated On 12 October,2019 11:55 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایم اے کاکول میں کیڈٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے دوران کیا، سعودی عرب، فلسطین، بحرین اور سری لنکا کے کیڈٹس نے بھی پاسنگ آوٹ پریڈ میں حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب کے مہمان خصوصی ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان تھے۔ مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کیڈٹس کو ایوارڈز دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق اعزازی شمشیر سے انڈر آفیسر عثمان شاہد کو نوازا گیا، انڈر آفیسر قاسم ایوب کو پریزیڈنس گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل سے فلسطین کے انڈر آفیسر البازور کو نوازاگیا۔ مہمان خصوصی نے پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔


اس موقع پر ایئر چیف مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو امن کی بحالی کے لیے دہشتگردی کے خلاف اپنی قربانیوں پر فخر ہے، پاک فوج اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے افواج پاکستان تیار ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں آپکو پیشہ ورانہ اور ذاتی طرز عمل کے اعلی ترین معیار کو حاصل کرکے قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے، پریڈ سے قبل مہمان خصوصی کا استقبال پی ایم اے کے کمانڈنٹ میجر جنرل اختر نواز ستی نے کیا۔