مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری، 3 نوجوان شہید، عوام کا شدید احتجاج

Last Updated On 16 October,2019 11:16 am

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت اور ظلم کا آج 73 واں روز ہے۔ قابض‌ فوج نے اننت ناگ اسلام آباد میں‌ فائرنگ کر کے 3 نوجوان شہید کر دئیے جس کے خلاف علاقے میں‌ اشتعال پھیل گیا، کشمیریوں نے بھارت کے خلاف زبردست مظاہرے کیے. مظاہرین نے بھارتی فوج پر پتھراو کیا اور کشمیر سے نکل جانے کا مطالبہ کیا.

کرفیو لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا ایک اور روز، جگہ جگہ بھارتی فوجی تعینات ہیں، بیماروں کو ہسپتال منتقل کرنے میں بھی مشکلات درپیش، دوائیں تک دستیاب نہیں، آپریشن کے منتظر مریض ہسپتالوں میں تڑپنے پر مجبور ہیں لیکن مودی سرکار ظلم کرنے سے باز نہیں آ رہی۔

بھارتی فوج نے ظلم کی تازہ کارروائی میں اننت ناگ اسلام آباد میں 3 نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ اہل علاقہ نے واقعے پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ وادی میں گزشتہ 73 روز سے کرفیو کے سبب خوراک اور پانی کی شدید قلت ہے، دکانیں اور کاروباری مراکز بند، ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے، سکول و کالج بھی مسلسل بند ہیں۔ جزوی طور پر پوسٹ پیڈ موبائل فون کھولنے پر بھارت کو سخت مزاحمت کا سامنا کر نا پڑا، کشمیریوں نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے۔