اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت انتہا پسندانہ اور جارحانہ پالیسیوں پر خود تہنائی کا شکار ہوچکا ہے، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مودی خود اپنی ریاست کو بند گلی میں لے گئے ہیں، پاکستان نے کشمیر کا مسئلہ ہر جگہ اٹھایا ہے اور بھارتی چہرہ بے نقاب کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کو 75 روز ہو چکے ہیں، بھارت کی ریاستی دہشت گردی اوربربریت جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مزید 3 معصوم کشمیری شہید کر دیئے گئے، بھارت عالمی سطح پر بے نقاب ہو گیا۔
ترجمان نے کہا بھارتی وزیراعظم مودی کا پانی بند کرنے کا اشتعال انگیز بیان قابل مذمت ہے، پانی روکنے کا اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہو گا، پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کاجواب بخوبی دینا جانتا ہے، دریائوں کے پانی کا بہاؤ معاہدے کےمطابق جاری رہنا چاہئے۔
ترجمان کا کہناتھا جموں و کشمیر میں جلد ازجلد استصواب رائے کروایا جائے، پاکستان تیار ہے۔ صدر رجب طیب اردوان کا متوقع دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا ہے، ترکی دہشت گردی کا شکار ملک ہے، اسے اپنی جغرافیائی اورنظریاتی حدود کی حفاظت کا حق رکھتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو ایک مرتبہ قونصلر رسائی دے دی گئی، اس کے بعد کچھ نئے مراحل شروع ہو گئے ہیں۔